لتھوانیا:فولادی اشیا کھانے کے شوقین کے پیٹ سے نٹ،بولٹ،کیلیں اور سکرو برآمد

Published On 07 October,2021 09:15 pm

ولنیئس:(ویب ڈیسک)دنیا میں آئے روز عجیب و غریب واقعات پیش آتے رہتے ہیں جسے جان کر عقل انسانی دنگ رہ جاتی ہے،ایسا ہی ایک واقعہ لتھوانیا میں پیش آیا جہاں پر ایک شخص جو کہ فولادی اشیا کھانے کا شوقین تھا کے پیٹ سے نٹ، بولٹ، کیلیں، سکرو اور فولادی اشیا برآمد کر لی گئیں جن کا مجموعی وزن 1کلوگرام سے زائد ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق لتھوانیا کے ایک شخص نے دو ماہ قبل شراب نوشی ترک کردی تھی۔ اس کے بعد اس میں دھاتی اشیا نگلنے کی خواہش پیدا ہوئی۔ اس نے تقریباً ہرروز کوئی نہ کوئی کیل، سکرو، نٹ، بولٹ اور فولادی اشیا کھانے کا سلسلہ شروع کیا جس کے بعد اس کےپیٹ میں دھاتی اشیا کا ایک ڈھیر لگ گیا۔

پیٹ میں درد کی شکایت پرفوری طور پر اس شخص کو ہسپتال میں لایا گیا۔ ابتدائی جراحی کے دوران اس کے پیٹ سے کئی دھاتی اشیا برآمد کی گئیں جن میں چار انچ طویل لوہے کا ٹکڑا بھی تھا۔

آپریشن لتھوانیا کے مشہور سرجن ساروناس دیالیدیناس نے کیا ہے اور انہوں نے اس واقعے کو ایک بہت ہی منفرد اور انوکھا واقعہ قرار دیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مریض کا ایمرجنسی میں مسلسل تین گھنٹے تک آپریشن کیا گیا اور پاس رکھی ٹرے پر دھاتی نٹ بولٹ اور دیگر پرزوں سے بھرگئی۔ تاہم اب مریض بالکل ٹھیک اور خیریت سے ہے۔

یہ شخص بحیرہ بالٹک کے کنارے رہائش پذیر ہے اور اچانک اس کے پیٹ میں شدید درد اٹھا تھا جس کے بعد اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ تاہم آپریشن کے بعد بھی ڈاکٹراس کی کیفیت پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل سپین سے ایک انسانیت سوز واقعہ سامنے آیا تھا، جہاں البرٹ سانچیز گومیز نامی نوجوان نے گھر میں لڑائی جھگڑے کے بعد والدہ کو قتل کر دیا بلکہ والدہ کی لاش کے ٹکڑے ٹکڑے کرکے اسے تھیلے میں بھر کر فریج میں رکھ دیئے تھے، بعدازاں پڑوسی کی شکایت پر مقتولہ ماریہ سولیڈیڈ گومیز کی گمشدگی کی شکایت پر جب پولیس نے گھر پر چھاپہ مارا تو پولیس کو گھر کے فریج سے گوشت ملا۔ جس پر پولیس نے تفتیش کے لیے بیٹے کو حراست میں لے لیا تھا۔
 

Advertisement