اسلام آبد: (دنیا نیوز) اسلام آباد کے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں تیندوؤں کی موجودگی کے انکشاف پر ٹریل سکس کو "لیپرڈ پریزرو زون" قرار دے دیا گیا، علاقے میں شہریوں کو داخلے سے روک دیا گیا ہے۔
مارگلہ نیشنل پارک میں نایاب نسل کے سات تیندووں کی موجودگی کا انکشاف پر ٹریل سکس کو لیپرڈ پریزرو زون قرار دے کر عام شہریوں کے لیے بند کر دیا گیا، کورونا وباء کے دوران ٹریلز پر آمد و رفت کم ہوئی تو تیندووں کو بھی آزادانہ گھومنے کا موقع ملا۔ نقل و حرکت نیشنل پارک میں لگے کیمروں میں ریکارڈ کی گئی۔
ایک سال کے دوران مادہ تیندوے سمیت سات تیندوے ٹریل فور اور سکس کے درمیان تقریبا ًروزانہ دیکھے گئے۔ 386 ہزار ایکڑ پر مشتمل مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں سات تیندووں سمیت 38 ممالیہ جانور، 350 سے زائد اقسام کے پرندے اور 32 اقسام کے رینگنے والے جانور پائے جاتے ہیں۔ ٹریل سکس کو عوام کے لیے وقتاً فوقتاً کھولا جائے گا لیکن گائیڈ کے بغیر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔