ممبئی:(ویب ڈیسک) بے عزتی کرنے اور تھپڑ مارنے پر ایک شخص نے خاتون کو تلوار سے کاٹ کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈٰیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے بلیا ضلع میں یہ چونکا دینے والا واقعہ پیش آیا جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ہولناک واقعہ 14 اگست کی رات پیش آیا اور ملزمان نے ہتھیار ڈال دیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے ملزم کی شناخت دلشاد علی سونو کے طور پر کی ہے، جس نے مبینہ طور پر کوتوالی پولیس کے سامنے خود کو حوالے کردیا، مقتولہ کی شناخت ارمانہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس پی بلیا راج کرن نیر نے بتایا کہ دلشاد علی بہاری علاقے کا رہنے والا ہے جو کوتوالی تھانے کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، کچھ ذاتی مسائل پر ارمانہ پر علی نے تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا، ارمانہ کو بچاتے ہوئے اس کے خاندان کے افراد 56 سالہ بدرالنسا اور 60 سالہ قربان شاہ بھی زخمی ہوئے جو کہ قریبی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔