ماں اور بیٹے نے ایک ساتھ پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کرلیا

Published On 10 August,2022 09:41 pm

نئی دہلی:(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست کیرالہ کے ملاپورم سے تعلق رکھنے والی ایک 42 سالہ خاتون اور اس کے 24 سالہ بیٹے نے ایک ساتھ پبلک سروس کمیشن (PSC) کا امتحان پاس کرلیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق امتحان پاس کرنے والی خاتون کے بیٹے ویویک نے کہا کہ ہم کوچنگ کلاسز میں اکٹھے گئے تھے، میری والدہ نے مجھے یہاں تک پہنچایا اور میرے والد نے ہمارے لیے تمام سہولیات کا بندوبست کیا، ہمیں اپنے اساتذہ سے بہت حوصلہ ملا، ہم دونوں نے ساتھ پڑھا لیکن کبھی نہیں سوچا کہ ہم ایک ساتھ کوالیفائی کریں گے، ہم دونوں بہت خوش ہیں۔

بندو نامی خاتون نے کہا کہ جب اس کا بیٹا 10ویں جماعت میں تھا تو میں نے اس کی حوصلہ افزائی کے لیے کتابیں پڑھنا شروع کیں لیکن اس نے مجھے کیرالہ PSC کے امتحانات کے لیے تیار ہونے کی ترغیب دی اور نو سالوں میں ہم دونوں ایک ساتھ سرکاری نوکری کرنے کے لیے تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے مزید رپورٹ کیا گیا کہ بندو نے لوئر ڈویژنل کلرک (ایل ڈی سی) کا امتحان 38 کے رینک کے ساتھ پاس کیا، جبکہ اس کے بیٹے نے 92 کے رینک کے ساتھ لاسٹ گریڈ سرونٹ (ایل جی ایس) کا امتحان پاس کیا۔
 

Advertisement