لاہور: (ویب ڈیسک) محبت کرنے والے لوگ دنیا میں لمبے عرصہ تک ایک ساتھ رہنے کے خواہشمند ہوتے ہیں، امریکی جوڑے کا یہ خواب شاید پورا ہوگیا کیونکہ حال ہی میں102 سالہ جوڑے نے اپنی شادی کی 80 ویں سالگرہ ساتھ منائی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریاست پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والے رابرٹ اور ایڈتھ کی ملاقات 1936 میں ہائی سکول میں فٹ بال میچ کے دوران ہوئی جہاں رابرٹ اپنے والد کے ساتھ میچ دیکھنے گئے تھے لیکن اس میچ کے بعد رابرٹ ایڈتھ کے سحر میں مبتلا ہوگئے اور پڑھائی ختم ہونے کے بعد دونوں نے 26 دسمبر 1942 میں شادی رچا لی۔
غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو کے دوران خوشحال جوڑے نے اپنی طویل ازدواجی زندگی کے راز سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کو ہی سب کچھ اور زندگی تصور کرتے ہیں، ساتھ ہی اپنی ازدواجی زندگی کے دوران ہم سونے سے پہلے اپنی ناراضگی دور کر دیتے ہیں، یہی ہماری 8 دہائیوں پر مشتمل خوشگوار اور خوشحال ازدواجی زندگی کا راز ہے۔