برطانیہ : ایسیکس کے ایک تالاب سے انسانی باقیات برآمد، تحقیقات شروع

Published On 03 January,2023 05:46 am

لندن : ( ویب ڈیسک ) برطانوی پولیس کی جانب سے ایسیکس کے ایک تالاب سے انسانی باقیات برآمد ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی پولیس کے افسر نے بتایا کہ انہیں ہارلو میں فورتھ ایونیو سے دور اوک ووڈ پاؤنڈ میں مشکوک چیز کی اطلاع ملنے پر بلایا گیا تھا ، تفتیش کے ابتدائی مراحل میں ہم یہ سمجھنے کی کوشش کر رہے تھے کہ کیا ہوا ہے اور یہ کیا چیز ہے۔

پولیس افسر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ مقامی باشندوں کے لیے تشویشناک خبر ہے اور امکان ہے کہ ہمارے افسران اگلے چند دنوں تک انکوائری جاری رکھنے کے لیے علاقے میں موجود رہیں گے۔

انہوں نے علاقہ مکینوں کے اپیل کی کہ جگہ جگہ کی جانے والی گھیرا بندی کا احترام کریں ، ہم تحقیقات میں پیشرفت بارے عوام کو آگاہ کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے پاس بھی معلومات ہے یا جس کے پاس سی سی ٹی وی یا ڈیش کیم فوٹیج ہے جو تحقیقات میں مدد کر سکتی ہے فوری فورس سے رابطہ کر کے مہیا کرے۔