لیما : ( ویب ڈیسک ) جنوبی امریکا کے ملک پیرو میں پولیس نے ایک قدیم ممی کو اپنے بیگ میں ڈال کر لے جانے والے ایک ڈلیوری بوائے کو گرفتار کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق پیرو کی پولیس نے بتایا کہ پونو میں آثار قدیمہ کے ایک مقام پر شراب کے نشے میں دھت ایک ڈلیوری بوائے کو گرفتار کیا گیا جس کے بیگ سے ایک قدیم ممی برآمد ہوئی جس کے بارے میں ملزم نے بتایا کہ وہ اس کی روحانی دوست ہے، اس نے اسے اپنے کمرے میں رکھا ہوا تھا اور وہ اب ممی کو بیگ میں ڈال کر اپنے دوستوں کو دکھانے جا رہا تھا۔
ملزم نے مزید بتایا کہ یہ ممی اس کے والد کی ملکیت تھی ، اور اس کا نام ’’ جوانیتا ‘‘ ہے اور اس نے اسے اپنے ٹی وی لاؤنج میں ایک باکس کے اندر رکھا ہوا تھا تاہم وہ اس بات کی وضاحت نہیں دے سکا کہ ممی اس کے والد کے قبضے میں کیسے آئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ممی 600 سے 800 سال پرانی ہے اور یہ عورت کے بجائے کسی بالغ مرد کی ہے۔
پولیس نے بیگ میں رکھی ممی کو قبضے میں لے کر پیرو کی وزارت ثقافت کے حوالے کر دیا ہے اور وہ شخص جو اسے لے کر جا رہا تھا اور اس کے دو دوستوں کو حراست میں لے لیا ہے اور ان سے پیرو کے ثقافتی ورثے کے خلاف ممکنہ جرائم کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔