لندن : ( ویب ڈیسک ) ایمازون کے جنگل میں گم ہونے والے بولیویا کے ایک شخص کو 31 دن بعد ڈھونڈ لیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 30 سالہ جوناتن اکوسٹا نامی بولیویا کا ایک باشندہ ایمازون کے جنگل میں شکار کے دوران اپنے چار دوستوں سے الگ ہونے کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا تاہم ایک ماہ بعد بالآخر مقامی لوگوں اور دوستوں پر مشتمل ایک سرچ پارٹی نے اسے ڈھونڈ نکالا ہے۔
جوناتن نے بتایا کہ کس طرح وہ گم ہونے کے بعد ایمازون کے جنگل میں 31 دن تک زندہ رہنے میں کامیاب رہا۔
اس کا کہنا تھا کہ آپ یقین نہیں کریں گے کہ مجھے اس سارے عرصے میں زندہ رہنے کے لیے کیا کرنا پڑا، میں نے ان دنوں میں اپنے جوتوں میں جمع ہونے والا بارش کا پانی پیا اور کیڑے کھا کر گزارا کیا، میرے لئے یہ ناقابل یقین ہے، میں یقین نہیں کر سکتا کہ لوگوں نے اتنی دیر تک میری تلاش جاری رکھی۔
اس نے کہا کہ میں خدا کا بے حد شکر ادا کرتا ہوں کہ اس نے مجھے نئی زندگی دی ہے۔