نئی دہلی : ( ویب ڈیسک ) بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں عدالت نے ایک رکشہ ڈرائیور کو موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے اور جھگڑا کرنے پر 21 دنوں تک پانچ وقت کی نماز اور مسجد میں دو درخت لگانے کا حکم دے دیا۔
رپورٹس کے مطابق مالیگاؤں کے ایک مجسٹریٹ نے حال ہی میں ایک مسلمان شخص کو سڑک حادثے اور جھگڑے کے ایک کیس میں مجرم قرار دیا اور اسے روزانہ 5 وقت نماز پڑھنے اور حادثے کے مقام پر واقع مسجد کے احاطے میں 2 درخت لگانے اور ان کی دیکھ بھال کا حکم دیا۔
30 سالہ رکشہ ڈرائیور رؤف عمر خان کے خلاف 2010 میں سڑک حادثے اور جھگڑے کا مقدمہ درج کیا گیا تھا ، کیس کے 13 سال بعد مجسٹریٹ تیجونت سنگھ سندھو نے 1958 کے پروبیشن آف آفنڈرز ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت ملزم کو دفعہ 323 میں قید کی سزا دینے کے بجائے حادثے کے مقام پر واقع مسجد کے احاطے میں 2 درخت لگانے اور ان کی دیکھ بھال کا حکم دیا۔
رپورٹس کے مطابق دوران سماعت ملزم نے عدالت کو بتایا تھا کہ مسلمان ہونے کے باوجود وہ باقاعدگی سے نماز نہیں پڑھتا جس پر عدالت نے اسے اگلے 21 دنوں تک 5 وقت نماز ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔