انقرہ: (ویب ڈیسک) ترکیہ میں آئے خوفناک زلزلے کے 23 دن گزرنے کے بعد ملبے تلے دبے ہوئے ایک کتے کو معجزاتی طور پر زندہ نکال لیا گیا۔
واضح رہے کہ 6 فروری کو ترکیہ اور شام میں آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے میں 50 ہزار سے زائد افراد جان سے گئے جب کہ لاکھوں زخمی اور دیگر افراد بے گھر ہوگئے، زلزلے کے نتیجے میں سیکڑوں عمارتیں تباہ ہوئیں جبکہ ریسکیو حکام کی جانب سے ملبے کو ہٹانے کا کام اب بھی جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں تباہ کن زلزلے کے 23 دن بعد ایک کتے کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ کھانے، پانی اور سورج کی روشنی کے بغیر زندہ رہنے والے کتے کو 2 گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد ملبے سے زندہ نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔
Hatay ın Akcurun Köyü nde depremin yaralarını sarmak için çalışan Seydişehir Belediyesi ekipleri Alex isimli köpeği enkaz altından canlı çıkarttı.https://t.co/9VFo7SgHLy pic.twitter.com/JHw5pQztN3
— Konhaber.com (@konhaber) March 1, 2023
ریسکیو اہلکاروں نے کہا کہ ہمیں ملبے میں سے آواز آئی، قریب جا کر سنا تو محسوس ہوا کہ ملبے تلے ایک کتا موجود ہے ، جگہ کافی تنگ تھی تاہم وہاں ایک چھوٹا سا سوراخ تھا جس میں سے کتے کی ناک دکھائی دی اور پھر ہم نے 2 گھنٹے کے آپریشن کے بعد کتے کو زندہ نکال لیا۔
سوشل میڈیا پر کتے کو ریسکیو کرنے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس نے ہر دیکھنے والے کو خوشی کے ساتھ حیرت میں مبتلا کر دیا کہ زلزلے کے 23 دن گزر جانے کے بعد بھی بغیر کچھ کھائے کتے کو زندہ بچا لیا گیا۔
اس سے قبل ترکیہ میں آئے خوفناک زلزلے کو 17 روز گزرنے کے باوجود ملبے تلے دبی 8 بھیڑوں کو معجزاتی طور پر زندہ نکالا گیا تھا۔