پٹسبرگ: (ویب ڈیسک) گزشتہ تین دہائیوں سے پہلے گم شدہ اور پھر قانونی طور پر فوت شدہ امریکی خاتون آخرکار، پورٹو ریکو میں زندہ ہیں۔
چند روز قبل ’پیٹریشیا کوپٹا‘ کا سراغ مل گیا ہے جو ’چڑیا‘ کے نام سے اپنے مذہب کی تبلیغ کر رہی تھیں اور آخری مرتبہ 1992 میں پٹسبرگ، پینسلوانیا میں دیکھی گئی تھیں، اب پولیس اور دیگر حکام نے ان کے لواحقین کو بتایا کہ وہ فوت نہیں ہوئیں بلکہ اس وقت لاطینی امریکا کے ایک ملک پورٹو ریکو میں موجود ہیں۔
اس وقت پیٹریشیا کی عمر 83 برس ہے جو تین دہائیوں قبل امریکا سے لاپتہ ہوگئی تھیں، افسوس کہ یہ خاتون اب ڈیمنشیا کی مریض ہیں اور ایک ہسپتال میں موجود ہیں، خیال ہے کہ لاپتہ ہونے کے 7 برس بعد انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
خاتون کے شوہر 86 سالہ باب کوپٹا نے کہا کہ انہیں یہ جان کر سکون ملا ہے کہ ان کی بیوی زندہ ہیں اور انہیں مار کر کسی جگہ نہیں پھینکا گیا ہے، باب نے یہ بھی کہا کہ انہیں اور اہلِ خانہ کو یقین تھا کہ وہ پورٹو ریکو میں کہیں موجود ہیں اور زندہ ہیں۔
پیٹریشیا لاپتہ ہونے سے قبل لفٹ آپریٹر کا کام کر رہی تھیں اور اسی وقت ان میں شیزوفرینیا کے آثار پیدا ہو چکے تھے، خیال رہے کہ وہ ایک بحری جہاز کے ذریعے پورٹوریکو گئیں اور وہاں بھی تبلیغ کے لیے جا رہی تھیں۔
اہلِ خانہ نے کہا ہے کہ وہ انہیں پہچانے یا نہیں، پھر بھی وہ پیٹریشیا سے ملکر اسے گلے لگانا چاہتے ہیں۔