پراگ: (ویب ڈیسک) اپنے ہی بال نوچ کر کھانے کی عجیب وغریب بیماری میں مبتلا 11 سالہ لڑکی کے کامیاب آپریشن کے بعد پیٹ سے بالوں کا گچھا نکال دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ عجیب واقعہ چیک رپبلک میں پیش آیا جہاں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم نے کامیاب آپریشن کرکے بچی کے معدے سے کپ کے سائز جتنا بالوں کا گچھا نکالا۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بچی ریپنزل نامی ایک سنڈروم کا شکار ہے، یہ بیماری 1968ء میں پہلی بار رپورٹ ہوئی تھی جس کے دنیا میں اب تک درجن بھر کیسز سامنے آ چکے ہیں۔
لڑکی کا آپریشن کرنے والے سرجن کے مطابق اس بیماری میں مریض اپنے بال نوچ کر کھانا شروع کردیتا ہے، بیماری کا شکار زیادہ تر لڑکیاں ہوتی ہیں جو بچپن سے بڑھتی عمر تک اس کا سامنا کرتی ہیں۔
سرجن کا مزید کہنا تھا کہ اگر آپریشن کر کے بچی کے پیٹ سے بالوں کا گچھا نہ نکالا جاتا تو اس کو پیٹ میں شدید درد کا سامنا کرنا پڑتا جبکہ اس کا وزن بھی آہستہ آہستہ کم ہو جاتا۔