لاہور :( ویب ڈیسک ) خود سے شادی کرنے والی ارجنٹائن کی سوشل میڈیا سٹار صوفی میئور نے 24 گھنٹے بعد ہی خود سے طلاق لے لی۔
رپورٹس کے مطابق 5 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا فالورز رکھنے والی صوفی نے گذشتہ دنوں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اپنی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہوں نے عروسی لباس پہنا ہوا تھا۔
تصاویر کے ساتھ صوفی نے لکھا کہ آج میری زندگی کے انتہائی پرجوش لمحات ہیں، میں نے شادی کا جوڑا خریدا اور خود سے شادی کرنے کے لیے خصوصی طور پر کیک بھی بنایا۔
صوفی کی پوسٹ پر صارفین کی بڑی تعداد کا ردعمل آیا اور صارفین نے اسے سستی شہرت کا طریقہ قرار دیا جبکہ بعض نے اسے مبارکباد بھی دی اور اس کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔
اپنی پہلی پوسٹ کے 24 گھنٹے بعد ہی صوفی نے دوسری پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ میں اسے مزید برداشت نہیں کرسکتی، میں طلاق کا معاملہ دیکھ رہی ہوں۔