بیجنگ: (دنیا نیوز) چین میں مرغیوں کو ڈرا کر مارنے کے جرم میں ایک شخص کو جیل بھیج دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں ایک گو نامی شخص کو اپنے پڑوسی کی 1100 مرغیوں کو ڈرا کر مارنے کے جرم میں جیل بھیج دیا گیا، اس پر الزام تھا کہ اس نے پڑوسی سے بدلہ لینے کیلئے یہ حرکت کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب ملزم کے پڑوسی نے بغیر اجازت گو کے درخت کاٹ دیئے جس پر بدلہ لینے کیلئے گو رات کے اندھیرے میں فلیش لائٹ کی مدد سے مرغیوں کو ڈراتا تھا جس سے مرغیوں میں بھگدڑ مچ جاتی تھی اور یوں مرغیاں ہلاک ہوجاتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق گو نے غصے میں پڑوسی کی زمین پر قبضے کے چکر میں پہلے بھی 500 مرغیوں کو مارا تھا جس پر اسے بھاری جرمانہ بھی ادا کرنا پڑا تھا لیکن وہ اس کے بعد بھی باز نہیں آیا اور دوسری بار میں اس نے 600 سے زائد مرغیوں کو قتل کیا۔
گو اور پڑوسی کے درمیان یہ تنازع اپریل 2022 سے چل رہا تھا جس میں عدالت نے گو کو سزا سناتے ہوئے جیل بھیج دیا۔