نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک پر ’بستر پر پڑے رہنے‘ کا ٹرینڈ چل نکلا ہے جس میں لوگ دن کا زیادہ تر وقت بستر پر صرف کر رہے ہیں جسے ’بیڈ روٹنگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
وائرل ہونے والے ٹِک ٹاک رحجان میں ہزاروں لاکھوں افراد نے اپنی ویڈیو اور تصاویر پوسٹ کی ہیں، وہ بستر پر بیٹھے بیٹھے کھانا کھا رہے ہیں، ٹی وی دیکھ رہے، کتاب پڑھ رہے ہیں یا پھر لیپ ٹاپ پر سکول یا کالج کا کام کر رہے ہیں لیکن بستر سے نیچے نہیں اترتے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ یہ کوئی اچھا کام نہیں کیونکہ اس سے جسمانی اور دماغی عارضے لاحق ہوسکتے ہیں، یہ ٹرینڈ ’’#bedrot‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ چل رہا ہے اور غیرمعمولی طور پر مقبول ہو رہا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس عمل سے نوجوانوں کی نیند شدید متاثر ہو سکتی ہے اور اس کے اثرات مہینوں پر محیط ہو سکتے ہیں۔
اسی ٹرینڈ کے تحت لوگ مختلف فلموں یا ڈراموں کے سیزن لگاتار دیکھتے ہیں اور بستر میں بیٹھے بیٹھے کھاتے اور پیتے دکھائی دیتے ہیں، اس کے علاوہ دوستوں سے فون پر طویل دورانیے کی باتوں میں وقت ضائع کر رہے ہیں۔
ماہرین نے کہا ہے کہ ورزش، جسمانی سرگرمی اور نقل و حرکت انسانی جسم کے لئے بھی ضروری ہے۔