باپ کو 22 سال کی تگ و دو کے بعد مغوی بیٹا مل گیا

Published On 11 July,2023 06:51 am

بیجنگ : ( ویب ڈیسک ) ایک چینی شخص 22 سال کے بعد اپنے مغوی بیٹے کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق ایک چینی شخص جس نے گزشتہ 22 سالوں کا بیشتر حصہ اپنے اغوا شدہ بیٹے کو تلاش کرنے کی کوششوں میں لگا رکھا تھا بالآخر 560 میل دور ایک شہر میں اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے میں کامیاب ہو گیا۔

لئی ووز نامی شخص نے اپنے بیٹے یوچوان کے اغواء کے بعد فوری طور پر یوئیانگ میں اور اس کے آس پاس طویل سفر کا آغاز کیا اور اسکی تصویریں دکھا کر لوگوں کو پوچھتا رہا کہ کیا انہوں نے اس کے بیٹے کو کہیں دیکھا ہے، سال گزر گئے لیکن ووز اپنے مقصد کیلئے کوشاں رہے اور اس سال انکی محنت کا نتیجہ بالآخر نکل گیا۔

لئی نے 22 سال اپنے بیٹے کی تلاش میں گزارے اور وہ اس حوالے سے بہت لوگوں سے ملتے رہے، عمر بڑھنے اور تھکاوٹ محسوس کرنے کے باوجود انہوں نے کبھی ہمت نہیں ہاری، اپنے بیٹے کی تلاش کے لیے پچھلی دو دہائیوں کے دوران لئی نے 300 سے زیادہ پولیس والوں سے ملاقات کی اور چین بھر کے سینکڑوں شہروں کا دورہ کیا۔

انہوں نے پورے چین میں کتابچے شائع کیے، ٹی وی شوز اور ریڈیو نشریات پر گئے اور ہمیشہ آن لائن متحرک رہے۔

لئی کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے گزشتہ 22 سالوں کے دوران اپنا 70 فیصد وقت یوچوان کو تلاش کرنے کے لیے وقف کیا۔