خاکروب کی معمولی غلطی سے امریکی لیبارٹری کی 20 سالہ تحقیق تباہ

Published On 10 July,2023 09:10 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا میں طبی سائنسی تحقیقی مرکز میں خاکروب کی معمولی سی غلطی کے باعث لیبارٹری کی 20 سال کی تحقیق تباہ ہوگئی۔

امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک اسٹیٹ میں رینسیلر انسٹی ٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز کے درمیان معاہدے کے تحت صفائی کیلئے خدمات فراہم کرنے والی ایک پرائیویٹ کمپنی کی طرف سے رکھے گئے ملازم نے لیبارٹری کے ریفریجریٹر سے الارم سگنلز سنے جس میں سائنسی تحقیق کیلئے نمونے موجود تھے۔

رپورٹس کے مطابق الارم سننے کے بعد پرائیویٹ کمپنی کے ملازم نے ریفریجریٹر بند کر دیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فریج کے دروازے پر بیپس کو بند کرنے کا طریقہ درج تھا مگر ملازم نے پڑھنے میں غلطی کی اور اس نے سرکٹ بریکر بند کر دیا، ملازم کی اس غلطی سے منفی 80 ڈگری سینٹی گریڈ کے درجۂ حرارت پر ذخیرہ کئے گئے نمونے خراب ہوگئے جس سے 10 لاکھ ڈالرز کا نقصان ہوا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کلینر نے سوچا کہ وہ سرکٹ بریکر کو آن کر رہا ہے جبکہ اس نے اسے بند کر دیا تھا۔

جب ماہرین کو پتہ چلا تو اس وقت ریفریجریٹر میں درجۂ حرارت مبینہ طور پر 50 ڈگری تک بڑھ گیا تھا اور صرف منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ رہ گیا تھا۔