مگرمچھ کی گرفت میں 90 منٹ گزارنے والی خاتون معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی

Published On 04 August,2023 02:42 pm

جکارتہ: (ویب ڈیسک) مگرمچھ کی گرفت میں 90 منٹ گزارنے کے بعد خاتون معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔

انڈونیشیا کے مغربی کالیمانتان صوبے سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ فالمیرا ڈی جیسس، ہریالی سے ڈھکی ہوئی ایک ندی سے پانی بھر رہی تھی کہ اچانک وہاں پہلے سے گھات لگائے مگرمچھ نے اس پر حملہ کر دیا، مگرمچھ نے جھاڑیوں سے اچھل کر فالمیرا کی ٹانگ کو اپنے منہ میں دبوچ لیا اور اسے گھسیٹ کر پانی میں لے گیا۔

جونہی مگرمچھ نے حملہ کیا فالمیرا گھبرا گئی اور مدد کیلئے پکارنے لگی فالمیرا اپنی جان بچانے کیلئے مگرمچھ سے کافی دیر تک لڑتی رہی، فالمیرا چونکہ قریب ہی پام آئل باغ میں باغبانی کرتی تھی اس لئے اس کے باغبانی کرنیوالے ساتھیوں نے کافی دیر تک اسے غائب پایا تو ندی کے پاس پہنچے وہاں سے مگرمچھ سے لڑتے ہوئے دیکھا باغبان ساتھیوں نے فالمیرا کو بچانے کیلئے اس کے پاس پہنچے۔

فالمیرا کے ساتھی اسے باہر نکالنے کیلئے پانی میں اترے اور مگرمچھ کے منہ سے نکال کر قریبی ہسپتال لے گئے۔

جائے حادثہ پر موجود لوگوں نے بتایا کہ مگرمچھ نے فلمیرا کو 90 منٹ تک اپنی مضبوط گرفت میں لئے رکھا اور بار بار اسے پانی میں اتارنے کی کوشش کرتا رہا، خوش قسمتی سے اس جگہ پانی اتنا گہرا نہیں تھا اور جوں جوں وقت گزر رہا تھا مزید لوگ مدد کیلئے پہنچنے لگے۔

ڈاکٹروں نے بتایا کہ خاتون کو دائیں بازو، ران اور ٹانگ پر گہرے زخم آئے ہیں، لیکن وہ مکمل صحت یاب ہو جائے گی، خاتون کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں۔

مقامی پولیس نے بھی مگرمچھ سے بہادری سے لڑنے پر خاتون کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے ساتھیوں کی بہادری کو بھی سراہا۔