کیرالہ: (ویب ڈیسک) 11 خاکروب خواتین نے 25، 25 روپے جمع کرکے لاٹری ٹکٹ خریدا اور 10 کروڑ روپے کا جیک پاٹ جیت لیا۔
بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی 11 خاکروب خواتین نے جون میں لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لیے پیسے اکٹھے کیے اور پھر گذشتہ ہفتے ہی ان کی دس کروڑ روپے یعنی 12 لاکھ امریکی ڈالر کی لاٹری لگ گئی۔
یہ خواتین خاکروبوں کے اُس گروپ کا حصہ ہیں جو کیرالہ کے ملاپورم ضلع کے پارپنانگڈی قصبے میں گھروں سے کوڑا اکٹھا کرتا ہے۔ انہیں اس کام کے عوض عام طور پر روزانہ تقریباً 250 روپے اجرت ملتی ہے۔
پچھلے مہینے خواتین کے اس گروپ نے ”مون سون بمپر پرائز لاٹری“ کے لیے 250 روپے کا ٹکٹ خریدنے کا فیصلہ کیا اور قرعہ اندازی کے اگلے روز ہی انہیں لاٹری جیتنے کی اطلاع ملی تو سب خوشی سے نہال ہوگئیں۔
لاٹری ٹکٹ خریدنے کے لئے 9 خواتین نے 25 25 روپے جمع کئے تھے، جبکہ دو خواتین سے ساڑھے 12 اور ساڑھے 12 روپے دے کر یہ لاٹری ٹکٹ خریدا تھا اور طے کرلیا تھا کہ اگر انعام نکلا تو رقم اسی حساب سے تقسیم ہوگی۔