بھارت: ڈگری وصول کرتے وقت بھی طالبعلم کو ڈانٹ پڑ گئی

Published On 04 August,2023 09:08 am

ممبئی: (ویب ڈیسک) گریجویشن کی ڈگری حاصل کرنا ہر طالب علم کا خواب اور فخر ہوتا ہے تاہم ایک بھارتی طالبعلم کو عجیب و غریب حرکت کرنے پر اس دن بھی سب کے سامنے ڈانٹ پڑ گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کی این ایم آئی ایم ایس یونیورسٹی کی گریجویشن کی تقریب میں طالب علم نے ڈگری وصول کرتے ہوئے بالی ووڈ گانے پر ڈانس کرنے کی کوشش کی۔

رپورٹس کے مطابق اس موقع پر وہاں موجود تمام شرکاء حیران رہ گئے جبکہ سٹیج پر موجود پروفیسرز طالب علم کی اس حرکت پر سخت ناراض نظر آئے اور اسے ڈگری دینے سے انکار کر دیا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق اس حوالے سے سامنے آنے والی ویڈیو میں ایک پروفیسر کو کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ہم تمہیں ڈگری نہیں دیں گے جبکہ دوسرے پروفیسر نے کہا کہ یہ سنجیدہ تقریب ہے جس میں اس طرح کی حرکت کی اجازت نہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طالب علم کی جانب سے معافی مانگنے کے بعد اسے ڈپلومہ کی ڈگری دے دی گئی۔