جاپان میں ہوائی جہاز کو دنیا کے مقبول ترین کارٹونز سے سجا دیا گیا

Published On 16 August,2023 12:37 pm

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں اپنی شہرت رکھنے والے جاپان کے مخصوص کارٹون آرٹ مانگا اور اینیمے جاپان کی سب سے بڑی ثقافتی برآمدات میں سے ایک ہیں جن سے ہوائی جہاز کی سجاوٹ کی گئی ہے۔

مقبول اینیمے سیریز ڈیمن سلیئر سے متاثر حال ہی میں انسٹاگرام پر جیٹ طیاروں کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی، اس ویڈیو نے اینیمے کے چاہنے والوں کو حیران کر کے رکھ دیا، یہ جیٹ طیارے آل نیپون ایئرویز (اے این اے) اور مانگا سیریز کے درمیان تعاون کا نتیجہ ہیں۔

کارٹونز سے سجائے گئے طیارے کی باڈی اور یہاں تک کہ سیٹ کے کور تک ڈیمن سلیئر سیریز کے کرداروں سے پینٹ کر دی گئی ہیں، شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن میں لکھا تھا کہ ہم نے ڈیمن سلیئر طیارہ ٹوکیو سے اوکیناوا اور ہوکائیڈو تک اڑان بھری۔

ایسے 3 جیٹ طیارے آل نیپون ایئرویز اور ڈیمن سلیئر کے درمیان تعاون سے ڈیزائن کیے گئے ہیں جو تمام جاپان بھر میں مختلف مقامات پر پرواز کرتے ہیں۔