جوہانسبرگ: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقہ کے ایک جنگل میں تیندوے کی 50 بندروں سے لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں تیندوے کو بندروں کے گروپ پر حملہ کرنا مہنگا پڑ گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 30 سالہ رکی ڈا فونسیکا نے جنوبی افریقا کے کروگر نیشنل پارک میں تیندوے اور تقریباً 50 پر مشتمل بندروں کے گروپ کے درمیان ہونے والے لڑائی کے نظارے کو ویڈیو میں محفوظ کیا اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
رکی ڈا فونسیکا نے بتایا کہ ہم دوپہر کے آخر میں ڈرائیونگ پر نکلے اور بے تابی سے شیروں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے پُرامید تھے لیکن اس دن ہمارے لئے جنگل میں خاص نظارہ موجود تھا۔
30 سالہ سیاح نے بتایا کہ جنگل میں ایک نر تیندوے کو سڑک کے کنارے ہم نے آرام سے ٹہلتے ہوئے دیکھا اور حیرانی ہوئی، جب ہم نے گاڑی روکی تب میں نے دیکھا کہ بندروں کا ایک دستہ سڑک پر کھیل رہا ہے۔
رکی کا کہنا تھا کہ مجھے لگا کہ تیندوا اتنا بہادر نہیں ہوگا کہ بندروں کی اتنی کثیر تعداد سے لڑ جائے لیکن حیرت کی انتہا نہ رہی جب تیندوے نے بندروں پر حملہ کی، تاہم بندر ڈر کے مارے بھاگنے کے بجائے پوری فوج نے تیندوے پر پلٹ کر حملہ کرد یا جس پر تیندوا دم دبا کر بھاگ نکلا۔