سکاٹ لینڈ: (ویب ڈیسک) سکاٹ لینڈ کے ضلع اینورکلائیڈ کے ایک پرائمری سکول میں آئندہ ہفتے 34 جڑواں بچے داخلہ لے رہے ہیں جو کہ 2015 کے بعد سے دوسری بڑی تعداد بتائی جا رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اینورکلائیڈ کے سینٹ پیٹرکس پرائمری سکول میں بچوں کے 17 جڑواں جوڑوں کا پہلا دن ہوگا، 2015 میں 19 جوڑوں یعنی 38 بچوں نے پرائمری سکول میں ایک ساتھ داخلہ لیا تھا جو کہ عالمی ریکارڈ ہے۔
جڑواں جوڑے داخلے سے پہلے سکول میں ڈریس ریہرسل کیلئے جمع ہوئے جہاں 2015 میں داخلہ لینے والے 38 جڑواں بچے بھی موجود تھے۔
سینٹ پیٹرکس انور کلائیڈ کے دو سکولوں میں سے ایک ہے جو جڑواں بچوں کے سب سے زیادہ جوڑوں کو داخلہ دے رہے ہیں، اینورکلائیڈ میں 2013 سے اب تک 147 جُڑواں جوڑے پرائمری سکول میں داخلہ لے چکے ہیں۔
اینورکلائیڈ کونسل کے سینئر اکیڈمی ایڈمنسٹریٹر گریم بروکس کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ داخلے اینورکلائیڈ میں ایک سالانہ روایت بن گئی ہے، ہم اپنے جڑواں بچوں کو پرائمری میں خوش آمدید کہتے ہیں۔