چکوال: (ویب ڈیسک)پنجاب کے کاشتکار نے بارانی علاقے میں اپنا نجی ڈیم بنا لیا جس سے 100 ایکڑ رقبے کو پانی فراہم کیا جا رہا ہے جس سے بنجر زمینوں میں ہریالی آگئی۔
صوبہ پنجاب کے علاقے چکوال میں ایک کاشتکار نے اپنی مدد آپ کے تحت ایک چھوٹا ڈیم تعمیر کیا ہے، کروڑوں روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس ڈیم سے ابتدائی طور پر 100 ایکڑ زمین کو سیراب کیا جا رہا ہے جبکہ یہ ڈیم 200 ایکڑ زمین کو سیراب کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے چودھری عرفان کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے میں پانی کا کوئی مستقل اور متبادل بندوبست نہیں تھا، ہمارا علاقہ بارانی ہے، زیر زمین پانی کے بہت مسائل تھے، جب ہم لوگوں نے دیکھا یہاں پر چشموں اور آبشار سے پانی بھی ضائع ہو رہا ہے تو ہم نے سوچا کیوں نہ اسی پانی کو جمع کر کے اسی کو استعمال کیا جائے۔
کاشتکار چودھری عرفان نے کہا کہ 40 ایکڑ پر محیط یہ ڈیم 6 سال کے عرصے میں تعمیر ہوا اور اس میں کسی ادارے یا کسی فرد نے کسی قسم کا کوئی کردار ادا نہیں کیا، ڈیم پر اس وقت تک ساڑھے 4 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آس پاس کے علاقے کے لوگ بھی اس سے مستفید ہو رہے ہیں اور علاقے کا واٹر ٹیبل بھی بہتر ہوگیا ہے، ڈیم سے 18 کیوسک کی ایک چھوٹی نہر بھی نکالی گئی ہے جس سے بنجر اور ویران پڑے رقبے پر سبزہ ہی سبزہ ہے۔
چودھری عرفان کا کہنا تھا کہ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔