کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) امریکا میں درجنوں گھروں میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کرنے والا دیوہیکل ریچھ پکڑا گیا جسے اب ایک پناہ گاہ میں منتقل کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بے قابو ریچھ نے لگ بھگ 28 گھروں میں گھس کر تباہی مچائی، کیلیفورنیا کے قریب واقع جھیل ٹیہوو کے اطراف پھرنے والے اس ریچھ نے سب سے پہلی کارروائی فروری 2022ء میں کی، اپنی جسامت کی بنا پر اسے ’ہینک دی ٹینک‘ کا نام دیا گیا تھا۔
شروع شروع میں خیال تھا کہ یہ ایک نر ریچھ ہے تاہم ڈی این اے ٹیسٹ سے پتا چلا کہ حقیقت میں یہ ایک ریچھنی ہے جسے 64 ایف کا نام دیا گیا ہے، ریچھنی کو جب حراست میں لیا گیا تو وہ اپنے 3 بچوں کے ہمراہ جا رہی تھی، ریچھنی نے واٹر فرنٹ کمیونٹی کے افراد پر خوف طاری کر رکھا تھا۔
ہینک دی ٹینک نامی اس ریچھنی کو بچوں سمیت کولاراڈو کی ایک حیواناتی تحفظ گاہ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا رویہ بدلنے کی کوشش کی جائے گی۔