بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے 10 برس کی منصوبہ بندی اور تعمیر کے بعد دنیا کے سب سے بڑے آبی سائنس پارک کا افتتاح کر دیا ہے جس کی بیرونی عمارت کسی سائنس فکشن فلم کے بڑے خلائی جہاز کی طرح دکھائی دیتی ہے۔
صوبہ زوہائی میں واقع اس پارک کا پورا نام ’ زوہائی چائملونگ مرین سائنس پارک‘ ہے جس کا کل رقبہ 400,000 مربع میٹر ہے جہاں 50 ہزار افراد سما سکتےہیں، دنیا کے سب سے بڑی ایکوریئم میں 300 مختلف اقسام کے ایک لاکھ آبی جانور، مچھلیاں اور دیگر مخلوقات رکھی گئی ہیں۔
سائنس پارک میں 10 مختلف موضوعات پر نمائشی اشیاء رکھی گئی ہیں جن میں 100 اقسام کے زندہ مونگے اور مرجان (کورال) بھی رکھے گئے ہیں، اگرچہ اسے 2021 میں کھولنا تھا لیکن کچھ تاخیر کے بعد اب اسے عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
سائنس پارک نے دو ریکارڈ تو اپنے نام کر لئے ہیں، پہلا یہاں سب سے بڑی ونڈو والا ایکویریئم ہے اور دوسری جانب زندہ کورال کا سب سے بڑا ٹینک بھی ہے۔
اس پورے منصوبے میں ایک ریستوران اور ٹھہرنے کی جگہ بھی بنائی گئی ہے، منصوبے پر ایک ارب ڈالر سے زائد کی رقم صرف ہوئی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ مکمل طور پر ان ڈور مرین پارک ہے۔