اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک انوکھا اور حیران کن والا واقعہ پیش آیا جس میں بینک کے لاکر میں رکھے لاکھوں روپے دیمک کی نذر ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست اترپردیش کے شہر مراد آباد میں پیش آیا جہاں ایک خاتون الکا پاٹھک نے اکتوبر 2022 میں اپنی بیٹی کی شادی کیلئے کچھ زیورات کے ساتھ 18 لاکھ روپے ایک بینک کے لاکر میں رکھوائے تھے۔
میڈیا رپوٹس میں بتایا گیا ہے کہ الکا ایک چھوٹا بزنس چلاتی ہیں اور ساتھ ہی طالبعلموں کو ٹیوشن کلاسز بھی دیتی ہیں جنہوں نے اپنی جمع پونجی کو بیٹی کی شادی کیلئے رقم اور زیورات کی صورت میں بینک لاکر میں رکھوایا تھا۔
الکا کو اس واقعے کا علم تب ہوا جب بینک کی جانب سے انہیں سالانہ لاکر مرمت اور دیگر ضروری تصدیق کے حوالے سے کال موصول ہوئی جس پر بینک جا کر لاکر دیکھنے پر خاتون دنگ رہ گئیں۔
خاتون نے دیکھا کہ ان کے بہت سے نوٹوں پر دیمک نے حملہ کیا ہوا ہے اور بہت سے نوٹوں کو تو دیمک نے کھا لیا ہے جس پر خاتون نے فوری بینک کی انتظامیہ کو لاکر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور لاکر میں دیمک کے ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کارروائی کرنے کا کہا۔
واقعے پر بینک انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے نقصان کی حد کا اندازہ لگانے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔