بھارتی اخبار کے اشتہار میں مضحکہ خیز غلطی، جرمن سفیر نے نشاندہی کر دی

Published On 01 October,2023 12:57 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) جرمنی کے بھارت میں تعینات سفیر ڈاکٹر فلپ ایکرمین نے ایک مقامی اخبار میں مضحکہ خیز غلطی کے حامل اشتہار کی نشاندہی کی ہے جس کے باعث اخبار کی سوشل میڈیا پر شدید ٹرولنگ ہو رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارت کے اخباری اشتہار میں جرمن صدر کی شاندار رہائش گاہ کو بورڈنگ سکول کی عمارت کے طور پر دکھایا گیا، جرمن صدر کی رہائش گاہ برلن میں واقع ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر جرمن سفیر نے اس غلط معلومات پر مبنی اشتہار کی تصویر شیئر کی جس میں بھارت کے معروف بورڈنگ سکولز کے ایک بڑے اجتماع کی بات کی گئی۔

اپنے ٹوئیٹ میں جرمن سفیر نے جرمنی کے بیلیو محل کی تصویر دکھائی جو بھارت کے راشٹرپتی بھون کے برابر ہے اور کیپشن میں تضاد کی نشاندہی کی۔

جرمن سفیر نے اپنے پیغام میں مزاحیہ انداز میں یہ بھی واضح کیا کہ صدارتی محل میں کسی بچے کو داخلہ نہیں دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ محترم بھارتی والدین! مجھے یہ آج کے اخبار میں دکھا ہے لیکن یہ عمارت کوئی بورڈنگ سکول نہیں ہے! یہ برلن میں جرمن صدر کی رہائش گاہ ہے، جرمنی میں بھی اچھے بورڈنگ سکول ہیں لیکن یہاں کسی بچے کو داخل نہیں کیا جائے گا۔