میری لینڈ: (ویب ڈیسک) خنزیر کا دل لگوانے والا دنیا کا دوسرا شخص بھی چھ ہفتوں کے بعد دنیا سے چلا گیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 58 سالہ لارنس فوسیٹ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور انہوں نے 20 ستمبر کو جینیاتی طور پر تبدیل شدہ خنزیر کا دل ٹرانسپلانٹ کروایا تھا، ان کا انتقال 30 اکتوبر کو ہوگیا۔
ٹرانسپلانٹ کرنے والے سرجن بارٹلی گریفتھ نے کہا کہ ہمارے مریض لارنس فوسیٹ بحریہ کے ایک تجربہ کار سائنسدان تھے، جو اپنے اہل خانہ کے ساتھ مزید زندگی گزارنا چاہتے تھے۔
لارنس فوسیٹ کی اہلیہ نے کہا کہ وہ جانتے تھے کہ ہمارے ساتھ ان کا وقت بہت کم ہے، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ کب تک زندہ رہیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال بارٹلی گریفتھ کی ٹیم نے 57 سالہ ڈیوڈ بینیٹ پر دنیا کا پہلا جینیاتی طور پر تبدیل شدہ خنزیر کا دل ٹرانسپلانٹ کیا تھا، جو دو ماہ بعد انتقال کر گئے تھے۔