شارجہ: (ویب ڈیسک) یادداشت کی حیرت انگیز مہارتوں سے لیس ننھے بچے نے ایشیا بک آف ریکارڈز اور انڈیا بک آف ریکارڈز دونوں کا اعزاز حاصل کرنے کا ایک نادر کارنامہ انجام دیا ہے۔
شارجہ میں مقیم چھوٹے بچے ایمن رون اکشے نے 195 ممالک کے جھنڈوں کو پہچان کر ایشیا بک آف ریکارڈز کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے رہائشی پوجا اور اکشے کے بیٹے ایمن نے 2 سال 9 ماہ کی عمر میں 195 ممالک کے جھنڈوں کو تین منٹ اور 39 سیکنڈ میں پہچاننے والے تیز ترین کھلاڑی بننے کا ریکارڈ حاصل کر لیا ہے۔
علاوہ ازیں بچے نے انڈیا بک آف ریکارڈز سے مختلف زمروں میں تعریفی سند بھی حاصل کی جس میں 100 ممالک کے جھنڈوں، 50 گاڑیوں کے لوگو، 25 جسمانی اعضاء، 36 سبزیاں، 36 پھل، 30 جانور، 23 پیشے، 20 شکلیں، 20 گاڑیاں، 20 رنگ کی شناخت اور 1 سے 100 تک گنتی گننا شامل ہے۔