سانپ بھگانے کی کوشش میں گھر کو آگ لگا دی، قیمتی اشیاء جل کر راکھ

Published On 30 October,2023 11:04 am

اتر پردیش: (ویب ڈیسک) ’گھر کو آگ لگی گھر کے چراغ سے‘ بھارت میں کوبرا سانپ کو بھگانے کی کوشش میں اہلخانہ نے گھر کو ہی جلا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے ریاست اتر پردیش میں راج کمار نامی مزدور کے گھر میں صبح 10 بجے واقعہ پیش آیا، سانپ کو بھگانے کی کوشش میں اہل خانہ میں سے ایک فرد نے دھواں پیدا کرنے کیلئے گائے کا گوبر جلانا شروع کر دیا تاہم اس کی وجہ سے گھر میں غیر متوقع طور پر آگ لگ گئی۔

تیزی سے پھیلتے ہوئے آگ کے شعلوں نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے نقدی، زیورات اور کئی اشیاء جل کر راکھ ہوگئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پا لیا، جبکہ محکمہ ریونیو کو بھی مطلع کیا گیا تھا اور فی الحال نقصان کی حد کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔