لاس اینجیلس: (ویب ڈیسک) مخصوص خواتین کو ایئرہوسٹس بھرتی کرنے پر دو امریکی خواتین ایئرہوسٹس نے ایئرلائنز پر مقدمہ درج کرادیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی ایک عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ بیس بال گیم کے کھلاڑیوں کیلئے مخصوص چارٹرڈ یونائیٹڈ ایئر لائنز صرف نوجوان گوری رنگت والی لڑکیوں کو بطور ایئر ہوسٹس بھرتی کررہی ہے جو کہ دوسری قوموں کے ساتھ نسلی تعصب کی علامت ہے۔
رپورٹ کے مطابق یونائیٹڈ ایئرلائنز کی دو ایئر ہوسٹس نے ایئرلائن کیخلاف ایک مقدمے میں دعویٰ کیا ہے کہ انہیں لاس اینجلس ڈوجرز بیس بال ٹیم کے لیے چارٹر فلائٹس پر کام کرنے کے لیے پاس کیا گیا تھا لیکن چارٹرڈ فلائٹ مخصوص خصوصیات والی لڑکیوں کو بھرتی کرتی ہے جو کہ نوجوان، گوری، پتلی، سنہرے بالوں والی اور نیلی آنکھوں والی ہونی چاہیے۔
درخواست گزار خواتین 50 سالہ ڈان ٹوڈ اور 44 سالہ ڈاربی کوئزڈا نے دعویٰ کیا کہ انہیں نظرانداز کیا گیا اور بعد میں انہیں خارج کر دیا گیا کیونکہ وہ نوجوان اور پتلی نہیں تھیں۔
دونوں خواتین نے یونائیٹڈ کی چارٹر پروازوں کے عملے کیخلاف نسل، قومیت، مذہب اور عمر کی بنیاد پر ہراساں کرنے اور/یا امتیازی سلوک کا الزام لگایا ہے۔