کولمبیا: (ویب ڈیسک) ہم اکثر اپنی زندگی میں بیشتر معمولی چیزوں کی قدر نہیں کرتے تاہم ان کی اہمیت وہی جانتے ہیں جنہیں وہ میسر نہ ہوں۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں ساتھی طالب علموں نے ایک 8 سالہ بچے کو اس کی سالگرہ کے موقع پر رلا دیا، پھر بھی صارفین سے تعریفیں بٹورتے رہے۔
کولمبیا سے تعلق رکھنے والے اینجل ڈیوڈ کو اپنی والدہ کی محدود آمدنی اور 4 بچوں کی کفالت کے بوجھ کا اندازہ تھا، گھر کے مالی وسائل کی وجہ سے اسے امید نہیں تھی کہ وہ اپنی 8 ویں سالگرہ کے موقع پر اس دن کو خاص بنا سکے گا۔
تاہم اس کے استاد اور ہم جماعتوں کو جیسے ہی اس بات کا احساس ہوا تو انہوں نے اینجل ڈیوڈ کو سرپرائز دینے کا منصوبہ بنایا اور سالگرہ کے روز جیسے ہی اینجل ڈیوڈ کلاس میں پہنچا تو اس کے ساتھیوں نے اسے سالگرہ کی مبارک دی۔
ساتھی طالب علموں کی جانب سے سرپرائز تقریب دیکھ کر اینجل ڈیوڈ کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہوگئے، کیونکہ یہ اس کی زندگی کا پہلا موقع تھا جب اس نے اس طرح سالگرہ کی تقریب منائی ہے۔
سوشل میڈیا پر جب یہ ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین اس کے استاد، ساتھی و ہم جماعتوں کی تعریفیں کرتے نہ تھکے۔