90 ہزار سال پرانے انسانی قدموں کے نشانات دریافت

Published On 27 January,2024 08:33 am

مراکو: (ویب ڈیسک) سائنسدانوں نے 90 ہزار سال پرانے انسانی قدموں کے نشانات دریافت کر لئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مراکش، جرمنی، سپین اور فرانس کے ماہرین پر مشتمل ٹیم نے قدموں کے ان نشانات کو جولائی 2022 میں شمال مغربی مراکش کے شہر العرائش کے قریب ایک ساحلی علاقے میں دریافت کیا تھا۔

یہ انسانوں کی موجودہ نسل ہومو سیپئنز کے شمالی افریقہ میں ملنے والے قدیم ترین نشانات ہیں، اب اس دریافت کے حوالے سے تحقیق کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے برفانی عہد سے تعلق رکھنے والے انسانوں کے قدموں کے 85 نشانات دریافت کئے ہیں، ان نشانات کے حجم سے عندیہ ملتا ہے کہ وہ بچوں، نوجوانوں اور بالغ افراد کے قدموں کے نشانات ہو سکتے ہیں۔

محققین کے مطابق 85 میں سے 31 نشانات ممکنہ طور پر بچوں کے ہیں، 26 نوجوانوں جبکہ 24 بالغ افراد کے ہو سکتے ہیں، باقی 4 کے بارے میں عمر کا تخمینہ لگانے کیلئے استعمال ہونے والے ماڈل کے نتائج مکمل طور پر ٹھوس نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مقام پر کوئی اسٹرکچر دریافت نہیں ہوا تو ہوسکتا ہے کہ یہ جگہ گزرنے کا راستہ ہو یا غذائی گزرگاہ ہو۔