مدھیہ پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں ہنی مون کیلئے گووا کے بجائے ایودھیا لے جانے پر بیوی نے شوہر سے طلاق مانگ لی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے طلاق کی درخواست دائر کی جب وہ اسے ہنی مون کیلئے گووا جانے کا وعدہ کر کے ایودھیا لے گیا۔
خاتون کی جانب سے دائر کی گئی طلاق کی درخواست فیملی کورٹ میں جمع کرائی گئی جہاں دونوں کا کاؤنسلنگ سیشن ہوا۔
رشتے کے مشیر شیل اوستھی کے مطابق جوڑے کی شادی گزشتہ سال اگست میں ہوئی تھی۔
یہ شخص آئی ٹی انجینئر کے طور پر کام کرتا ہے اور اس کی بیوی نے اسے ہنی مون کیلئے کسی غیر ملکی مقام پر لے جانے کو کہا جس پر اس نے اصرار کیا کہ وہ کسی گھریلو مذہبی مقام پر جائیں کیونکہ اس کے بوڑھے والدین مندر جانا چاہتے تھے، تاہم بعد میں جوڑے کے درمیان گووا جانے کا اتفاق ہوگیا۔
خاتون نے الزام لگایا کہ اس کے شوہر نے سفر سے ایک دن پہلے اسے بتایا تھا کہ وہ اس کی ماں کی خواہش پر ایودھیا اور وارانسی جا رہے ہیں، اگرچہ جوڑے نے سفر کا آغاز کیا لیکن واپسی پر ان میں ایک گرما گرم بحث ہوئی جس کی وجہ سے خاتون نے شوہر سے طلاق کیلئے درخواست دائر کی۔
شیل اوستھی نے کہا کہ عورت نے الزام لگایا ہے کہ شوہر نے اس کا اعتماد توڑا اور شادی کے آغاز سے ہی خاندان کو ترجیح دی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق جوڑے کے لئے کونسلنگ سیشن جاری تھا۔