بلوانہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں مرغے کو پولیس کی جانب سے سکیورٹی فراہم کرنے کا انوکھا کیس سامنے آگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پنجاب کے شہر بھٹنڈہ کے گاؤں بلوانہ میں مرغوں کی غیر قانونی لڑائی کے دوران پولیس نے چھاپہ مار کارروائی کی، پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تاہم ایک ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کو موقع سے دو مرغے زخمی حالت میں ملے جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک تھی، ان کو طبی معائنے کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن دورانِ علاج ایک مرغا ہلاک ہوگیا۔
دوسرے مرغے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے جسے پولیس نے ملزمان کے خلاف ثبوت کے طور پر محفوظ رکھا ہے اور اسے سکیورٹی بھی دی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق تین ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ چھاپہ مار کارروائی کے دوران 11 ٹرافیاں بھی برآمد ہوئیں جس سے تصدیق ہوتی ہے کہ مرغوں کی لڑائی کا مقابلہ منعقد کیا گیا تھا۔