اترا کھنڈ: (ویب ڈیسک) اترا کھنڈ کی حکومت نے شہد کی مکھی کے کاٹنے یا ٹڈی کے حملے کی زد میں آنے والے شخص کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست اترا کھنڈ کے وزیراعلیٰ پشکر سنگھ دھامی کی جانب سے مذکورہ تجویز دی گئی کیونکہ ماضی قریب میں شہد کی مکھیوں اور ٹڈیوں کے حملے کی وجہ سے کئی اموات رپورٹ ہوئیں۔
وزیر جنگلات سبودھ انیال نے اپنے بیان میں بتایا کہ شہد کی مکھیوں اور ٹڈیوں کے حملے سے ہلاکتیں ہوئیں جبکہ کئی لوگ زخمی بھی ہیں، ریاست نے اسی کو مدِ نظر رکھتے ہوئے متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان کیا تاکہ وہ اپنا علاج کروا سکیں۔
حکومتی اعلان کے مطابق حملے میں معمولی طور پر زخمی شخص کو 15 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ شدید زخمی ہونے کی صورت میں 1 لاکھ روپے کی رقم فراہم کی جائے گی، اسی طرح حملے میں ہلاک ہونے والے کے لواحقین کو 6 لاکھ روپے ادا کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال ان حملوں سے کسانوں اور ان کے مویشیوں کی اموات ہوئی تھیں، صرف سال 2022 میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔