اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں پھٹے ہوئے جوتوں کی وجہ سے شادی میں شرکت نہ کرنے پر ایک شخص نے دکاندار کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ عجیب و غریب واقعہ ریاست اترپردیش کے ضلع فتح پور میں پیش آیا جہاں گیانیندر بھان ترپاٹھی نامی شہری نے چند روز قبل ایک دکان سے جوتا خریدا جو صرف ایک ہفتے میں ہی پھٹ گیا۔
ترپاٹھی نے ایک شادی کی تقریب میں شرکت کرنا تھی لیکن جوتا پھٹنے کی وجہ سے وہ شرکت نہیں کر سکا اسی وجہ سے دکاندار کو قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
نوٹس میں ترپاٹھی نے کہا کہ جوتا پھٹنے کی وجہ سے پیسے کا نقصان ہوا جبکہ شادی میں شرکت نہ کرنے کی وجہ سے وہ ذہنی طور پر متاثر ہوا اسی لئے جوتے اور علاج پر خرچ ہونے والے پیسوں کا دکاندار سے مطالبہ کیا۔
ترپاٹھی نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال 21 نومبر کو حسین کی دکان سے جوتے خریدے تھے جنہوں نے انہیں یقین دلایا تھا کہ جوتے ایک مشہور برانڈ کے ہیں اور چھ ماہ کی وارنٹی کے ساتھ آتے ہیں، تاہم جوتے ایک ہفتہ بھی نہیں چل پائے تھے جس کی وجہ سے وہ شادی میں شرکت کرنے سے قاصر تھے۔
دکاندار نے گیانیندر کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مجھ پر اس چیز کا دباؤ ڈال رہا ہے جس کا میں ذمہ دار نہیں۔