بھارت میں 27 سالہ شخص بلی کھا گیا

Published On 06 February,2024 08:25 am

کیرالہ: (ویب ڈیسک) بھارت میں بھوک سے نڈھال 27 سالہ شخص بلی کھا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی ریاست کیرالہ کے ضلع ملاپورم میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں آسام سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ شخص کو بلی کھاتے ہوئے دیکھا گیا جو کئی دنوں سے بھوکا تھا۔

سڑک کنارے بیٹھ کر مردہ بلی کا گوشت کھاتا دیکھ کر علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور انہوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی، پولیس حکام موقع پر پہنچے اور اس شخص سے بات چیت کی۔

27 سالہ شخص نے بتایا کہ اس نے کئی دنوں سے کچھ نہیں کھایا جس پر پولیس نے اس کو کھانا فراہم کیا۔

حکام کے مطابق ہم نے اسے کھانا فراہم کیا لیکن وہ تھوڑی ہی دیر بعد بغیر بتائے وہاں سے چلا گیا، بعدازاں ہمیں اطلاع ملی کہ اسے ریلوے سٹیشن پر دیکھا گیا۔

27 سالہ شخص نے بتایا کہ وہ شمال مشرقی ریاست میں کالج کا طالبعلم تھا اور اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر دسمبر میں ٹرین میں کیرالہ پہنچا تھا۔

پولیس کے مطابق اس نے ہمیں اپنے بھائی کا موبائل نمبر دیا جو چنئی میں کام کر رہا ہے، ہم نے ان سے رابطہ کیا اور تصدیق کی کہ معلومات درست ہیں، ابتدائی طبی معائنے کے بعد اس شخص کو تھریسور کے ایک ہسپتال میں داخل کروایا گیا۔

پولیس نے بتایا کہ بظاہر اس شخص کو کوئی جسمانی یا ذہنی مسئلہ نہیں، اسے اس کے رشتے داروں کے حوالے کیا جائے گا۔