جہاز میں سوار ہونے سے پہلے مسافروں کا وزن کرنے کا فیصلہ

Published On 19 February,2024 09:03 am

فن لینڈ: (ویب ڈیسک) فن لینڈ سے تعلق رکھنے والی ایک ایئر لائن ”فن ایئر“ نے جہاز میں سوار ہونے سے پہلے مسافروں کا وزن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فن ایئر نے ہیلسنکی ہوائی اڈے پر ایک پروجیکٹ شروع کیا ہے جس میں مسافر اپنی پرواز میں سوار ہونے سے پہلے رضاکارانہ طور پر وزن کرانے کے عمل سے گزریں گے تاکہ ایئر لائن اپنے مسافروں کیلئے ہدایات کو بہتر بنا سکے۔

مسافروں کو ساتھ لے جانے والے سامان کے ساتھ خاموشی سے انہیں بتائے بغیر تولا جائے گا، اس پروجیکٹ کا آغاز پیر کو ہوا ہے اور جمعرات کی صبح تک 800 افراد اس میں حصہ لے چکے تھے۔

کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کو ’رضاکاروں کی تعداد سے خوشگوار حیرت ہوئی‘، ہم نے اپنے سوشل میڈیا چینلز اور اپنی موبائل ایپ کے ذریعے فن ایئر کے صارفین کو سروے فراہم کیا اور رضاکاروں کو آلات نصب ہونے سے پہلے ہی فعال طور پر حصہ لینے کو کہا۔

ترجمان نے کہا کہ وہ سردیوں کے موسم میں 1,200 مسافروں کا وزن کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں، موسم گرما میں یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔

ہوائی جہاز کے حساب کا وزن
ایئر لائنز ہر ٹیک آف سے پہلے طیاروں کے وزن کا حساب لگاتی ہیں، اس میں جہاز میں موجود ہر شخص اور سامان کا وزن، جہاز میں موجود کیٹرنگ اور پانی کے ٹینک جیسی چیزیں شامل ہیں۔

مسافروں کو کہاں بٹھانا ہے یا کتنے مسافروں کو بیٹھنے کی اجازت دینی ہے اور ہولڈ میں کتنا سامان فٹ ہوسکتا ہے؟ یہ اس وزن پر منحصر ہے، ہر جہاز جو آپ اڑتا دیکھتے ہیں اس کا زیادہ سے زیادہ وزن محفوظ ٹیک آف کے لحاظ سے ہوتا ہے۔

عام طور پر ایئر لائنز مسافروں کے وزن کا اندازہ لگا کر ان کے وزن کا حساب لگاتی ہیں، ایئر لائنز نے موسم گرما اور سرما دونوں میں بالغ مرد، خواتین اور بچوں کے مسافروں کیلئے وزن مقرر کیا ہے۔

مسافروں کا وزن ہوائی جہاز کے وزن کا حساب لگانے کا ایک زیادہ درست طریقہ ہے، اسی لیے مسافروں کو سوار کرنے سے پہلے ان کا وزن کرنا مسافروں کیلئے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے کی کوشش ہے۔

ہوائی جہاز کا وزن پرواز کے متعدد عوامل کو متاثر کرتا ہے، اگر طیارہ بھاری ہے تو رن وے پر ٹیک آف کا وقت بڑھ جاتا ہے، اس کے علاوہ غلط طریقے سے بھری ہوئی کارگو یا ہوائی جہاز کے ایک حصے میں بہت زیادہ افراد کا بیٹھنا بھی حادثے کا باعث بن سکتا ہے یا ہوائی جہاز اپنا مرکز ثقل کھو سکتا ہے۔

وزن کی درست پیمائش کرنے سے پروازوں میں مسافروں کی حفاظت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔