چینل کے کوئز مقابلے میں شریک سیریل کلر 30سال بعد پکڑا گیا

Published On 14 March,2024 07:58 pm

پیرس(ویب ڈیسک)فرانس کے مقامی چینل کے کوئز مقابلے میں شریک سیریل کلر کو پولیس نے پہچان لیا اور 30سال بعد گرفتار کرکے جیل منتقل کردیا۔

فرانسیسی نجی چینل انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہمارے چینل پر جاری کوئز مقابلے میں 59سالہ وی اوور شریک تھا جس سے جنرل نالج کے مختلف سوالات کئے گئے ، جس میں سے وی اوور نے کچھ درست اور کچھ غلط جواب دیئے۔

نجی ٹی وی انتظامیہ نے بتایا کہ ہمیں معلوم نہیں تھا کہ کوئز شو کا ہمارا یہ امیدوار 30سال قبل سیریل کلراور بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات میں ملوث رہا ہے۔

کوئز شو کے میزبان کا کہنا تھا کہ شو کے بعد ہمیں اس وقت حیرانگی ہوئی جب ایک تفتیشی پولیس افسر نے ہمارے ساتھ رابطہ کیا اور اس سیریل کلر کی معلومات حاصل کرنا چاہی، پولیس افسر نے ہمیں بتایا کہ 59سالہ وی اوور 30 سال سے پولیس کو قتل اور ریپ کے سنگین مقدمات میں مطلوب ہے، جس کی گرفتاری کیلئے 1987 میں خاکہ بھی جاری کیا گیا تھا۔

نجی ٹی وی چینل کی انتظامیہ نے مزید بتایا کہ پولیس افسر نے ہمارے ساتھ رابطے پر سیریل کلر کا خاکہ بھی پیش کیا جو کئی سال قبل بنایا گیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے نجی چینل انتظامیہ کی معلومات کی روشنی میں بالآخر سیریل کلر کو 30سال بعد گرفتار کرکے سنگین جرائم کے خلاف تفتیش شروع کردی۔