فلوریڈا: (ویب ڈیسک) مسلسل سر درد میں مبتلا شخص کی تشخیص کے دوران دماغ میں کیڑے کے انڈوں کی موجودگی نے ڈاکٹرز کو بھی حیران کر دیا۔
فلوریڈا سے تعلق رکھنے والا 52 سالہ شخص مسلسل درد شقیقہ میں مبتلا تھا، سکین کے بعد اسے ڈاکٹرز نے بتایا کہ اس کے دماغ میں ٹیپ وارم (کیڑے) کے انڈے موجود ہیں، مریض کو دائمی درد شقیقہ کی شکایت تھی۔
مریض کے سر میں درد اتنا زیادہ رہنے لگا تھا کہ دوائیوں نے بھی کام کرنا بند کر دیا تھا، اسکین سے اس کے دماغ کے دونوں اطراف میں چھالوں کا انکشاف ہوا جو اصل میں کیڑے کے انڈے نکلے، یہ انڈے مریض کی کھوپڑی کے اندر سوجن اور درد شقیقہ کا باعث بن رہے تھے۔
اس شخص نے طبی ماہرین کو بتایا کہ وہ اکثر ’بیکن‘ (گوشت کی بنی ڈش) کھاتا ہے، اسے کرسپی ورژن پسند ہے۔
ڈاکٹروں کا خیال ہے کہ بہت ہی باریک اور چھوٹے یہ انڈے اس کی آنت میں داخل ہوئے جس کی وجہ سے ٹیپ وارم نشوونما پاتا اور انڈے دیتا، نامناسب طریقے سے ہاتھ دھونے کی وجہ سے یہ انڈے اس کے جسم میں دوبارہ داخل ہوئے اور خون کے دھارے کے ذریعے اس کے دماغ تک پہنچ گئے۔
طبی ماہرین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جب سور کے گوشت میں شامل ٹیپ وارم (کیڑا) دماغ میں داخل ہوتا ہے تو اسے نیورو سیسٹیسر کوسس کہا جاتا ہے۔