روم: (ویب ڈیسک) دنیا کا ایسا تنگ ترین گھر جہاں سے بیک وقت دو افراد کا گزرنا ممکن نہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے جزیرے سسلی کے ایک گاؤں پیٹرالیا سوٹانہ میں واقع ایک عجیب وغریب قسم کا گھر جو کہ کاسا ڈو کوریوو المعروف ’ہاؤس آف اسپائٹ‘ کے نام سے مشہور ہے اسے دنیا کا تنگ ترین گھر بھی کہا جاتا ہے۔
اس چھوٹے سے گاؤں کی آبادی دو ہزار نفوس پر مشتمل ہے جو کہ سسلی کے صدر مقام پلرمو صوبے میں موجود کوہ میڈونی کے مرکز میں ہے۔
یہاں اٹلی کا نہایت ہی غیر معمولی سیاحتی عجوبہ ایک نارمل گراؤنڈ فلور اور اوپر کی سطح کا دو منزلہ مکان ہے، جو صرف ایک میٹر چوڑا ہے اور یہ کاسا ڈو کوریوو المعروف ہاؤس آف اسپائٹ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اس کی چوڑائی اس قدر کم ہے کہ یہاں کل وقتی طور پر رہائش تو دور کی بات ہے بلکہ یہ دو افراد کے گزرنے کیلئے بھی ناکافی ہے، آپسی جھگڑے کے بعد اس کی عمارت اس طرح سے ڈیزائن کی گئی ہے کہ پڑوس کی کھڑکی کی ویو کو بلاک کیا جا سکے۔
اس گھر کے بارے میں گمان ہے یہ عمارت دو پڑوسیوں کے تنازع کے دوران 1950 کے عشرے میں بنائی گئی۔
اس زمانے میں یہ غیر عمومی نہیں تھا کہ لوگ اپنی رہائش کو عمودی طور پر بنائیں اور ایک اور فلور بنانے کیلئے پڑوسی سے اجازت لینا ہوتا تھا لیکن اس تنگ ترین مکان کے معاملے میں دراصل مالک مکان کا انتقامی جذبہ کارفرما تھا۔