سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں ایک روبوٹ نے مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا میں عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں گومی سٹی کونسل کا ملازم روبوٹ سیڑھیوں کے نیچے غیر معمولی حالت میں پایا گیا جسے مقامی میڈیا ملک کی پہلی روبوٹ خودکشی قرار دے رہا ہے۔
’روبوٹ سپروائزر‘ نامی روبوٹ سیڑھیوں کے نیچے تباہ شدہ حالت میں ملا، واقعے کے گواہان نے بتایا کہ موت سے قبل اس کے غیر معمولی رویے کی اطلاع ملی تھی جس میں یہ ایک ہی جگہ پر چکر لگا رہا تھا، روبوٹ کے گرنے کی اصل وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی، سٹی کونسل موت کے تعین کیلئے اس کے پرزے اکٹھے کر رہی ہے۔
ایک مشین ہونے کے باوجود روبوٹ سٹی ہال میں کافی مقبول رہا، اس نے مستعدی سے دستاویزات کی فراہمی، شہر کی تشہیر اور رہائشیوں کی مدد کرنے جیسے کام انجام دیئے۔
سٹی کونسل کے ایک حکام نے بتایا کہ یہ سرکاری طور پر سٹی ہال کا ایک حصہ تھا۔
اس واقعے نے آن لائن اور مقامی میڈیا میں بحث چھیڑ دی، بہت سے لوگ سوال کر رہے ہیں کہ آیا روبوٹ کام کے بوجھ کی وجہ سے تباہ ہوا یا تناؤ نے اس کی جان لی۔
یاد رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ روبوٹ جنوبی کوریا میں پائے جاتے ہیں، یہاں 10 ملازمین کی جگہ ایک انڈسٹریل روبوٹ کام کرتا ہے۔