ہنوئی:(ویب ڈیسک) ویتنام کے علاقے ہنوئی میں واقع سکول آف مینجمنٹ اینڈ بزنس (ایچ ایس بی) نے چھوٹے قد والے طلبہ کو داخلہ نہ دینے کا عجیب وغریب اعلان کردیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایچ ایس بی نے شرط عائد کی ہے کہ اس سال داخلہ لینے کے لیے طالبات کا قد کم از کم 1.58 میٹر اور طلبا کا کم از کم 1.65 میٹر ہونا ضروری ہے، تاہم کچھ معاملات میں استثنیٰ دیا جا سکتا ہے، اس اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر گرما گرم بحث جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق ویتنام کی وزارت تعلیم نے یونیورسٹی کو اپنے تقاضوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے، جس کے بعد ایچ ایس بی نے اپنے داخلے کے معیار کو ایڈجسٹ کیا ہے، اس نے اپنے پیش کردہ چار انڈرگریجویٹ پروگراموں میں سے تین کے لیے اونچے قد کی شرط ختم کر دی ہے لیکن یہ اصول اب صرف ایک کورس، مینجمنٹ اینڈ سکیورٹی پر لاگو ہو گا۔
دوسری جانب ایچ ایس بی یہ کہہ کر اپنی شرائط درست ثابت کرنے کی کوشش کررہا ہے کہ اونچا قد خود اعتمادی کی علامت ہے، سکول کا مقصد سرکاری اور نجی دونوں شعبوں کے لیے مستقبل کے رہنماؤں اور بہترین منیجرز کو تربیت دینا ہے۔