جکارتہ :(ویب ڈیسک)دفتر سے بیماری کا بہانہ بنا کر چھٹی لینے والی خاتون کی دوران سفر باس سے ملاقات ہو گئی۔
چھٹی لینے کے لیے ملازمین کا نت نئے بہانے بنانا کوئی نئی بات نہیں، تاہم حال ہی میں ایک خاتون کا بیماری کا بہانہ بنا کر کام سے چھٹی کرنا اس کے لیے باعث شرمندگی بن گیا، 23سالہ گریس نامی خاتون نے ایک ٹک ٹاک ویڈیو میں اپنے ساتھ پیش آیا واقعہ بتایا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ میں نے دفتر سے بیماری کا بہانہ بنا کر چھٹی لے کر سفر کیا اور پرواز کے وقت مجھے میرے ہی منیجر مل گئے۔
ویڈیو میں انہوں نے اپنی اور منیجر کے درمیان ہونے والی گفتگو کا سکرین شاٹ بھی شیئرکیا، اور اس میں وہ سیلفی بھی شامل تھیں جو منیجر نے کھینچی اور گریس اس میں کچھ نشستیں پیچھے بیٹھی ہوئی نظر آرہی تھیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق گریس ایک فری لانسر ہیں جو کام کے دوران اپنے شہر بالی، انڈونیشیا اور یورپ کے درمیان سفر کرتی رہتی ہیں، چنانچہ ایسے ہی ایک سفر کے لیے جب انہیں اپنے گھر بالی لوٹنا تھا تو انہوں نے دفتر میں بہانہ بنایا کہ انہیں ڈاکٹر کے پاس جانا ہے اس لیے ایک دن کی چھٹی درکار ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گریس نے بتایا کہ میں ایئرپورٹ پر قطار میں انتظار کررہی تھی کہ مجھے ایک شناسا چہرہ نظر آیا جو میری جانب ہی آرہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ بدقسمتی سے ان کے باس بھی اکثر بالی کے دورے پر آتے رہتے تھے چنانچہ ایئر پورٹ پر وہ جب گریس کے پاس آئے تو ان کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ اچھا تو یہ ہسپتال ہے؟،اس غیر متوقع صورتحال پر دونوں ہی ہنس پڑے اور ہوائی جہاز میں سوار ہونے تک بات چیت کرتے رہے۔
بعدازاں دورانِ پرواز ان کے باس نے دور بیٹھی گریس کے ساتھ سیلفی کھینچی اور انہیں بھیج بھی دی۔