19 سالہ مسلم نوجوان کو 400 زبانوں پر عبور، عالمی ریکارڈ بنا ڈالا

Published On 21 February,2025 02:00 pm

ممبئی: (ویب ڈیسک) 19 سالہ بھارتی مسلم نوجوان محمود اکرم نے 400 زبانوں پر عبور حاصل کر کے نیا عالمی ریکارڈ بنا ڈالا۔

محمود اکرم کو مختلف زبانوں سے محبت بچپن میں ہی ہو گئی تھی، محمود کے والد شلبئی موزیپریان جو خود ایک ماہر لسانیات ہیں نے انہیں تمل اور انگریزی حروف تہجی سے متعارف کرایا۔

محمود نے صرف 6 دن میں انگریزی اور تین ہفتوں میں تمل کے تمام 299 حروف سیکھ لیے ، محمود کے والد نے ان کی اس صلاحیت کو مزید نکھارا اور انہیں مزید زبانیں سیکھنے کی ترغیب دی، 8 سال کی عمر میں محمود نے سب سے کم عمر کثیر لسانی ٹائپسٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

بھارت میں مناسب پروگرام نہ ملنے پر انہوں نے ایک عالمی تعلیمی ادارے کے ذریعے آن لائن تعلیم حاصل کرنا شروع کی جہاں اب وہ عربی، ہسپانوی، فرانسیسی اور عبرانی زبانیں سیکھ رہے ہیں۔

12 سال کی عمر تک انہوں نے جرمنی کے ماہرین کو 400 زبانوں پر عبور حاصل کرکے متاثر کر دیا جس پر انہیں عالمی ریکارڈ ملا۔

محمود اکرم چنئی کے الاگپا یونیورسٹی سے انگریزی ادب میں بی اے اور اینی میشن میں بی ایس سی کر رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی برطانیہ کی اوپن یونیورسٹی میں لسانیات کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔