خفیہ کیمروں سے خوفزدہ خاتون نے ہوٹل کے کمرے میں ’خیمہ‘ لگا لیا

Published On 23 February,2025 08:46 am

بیجنگ: (ویب ڈیسک) چینی خاتون نے ہوٹل کے کمرے کے اندر ممکنہ خفیہ کیمروں سے خود کو محفوظ رکھنے کیلئے آسان حل نکال لیا۔

ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق وسطی صوبے ہینان کے لوئیانگ سے تعلق رکھنے والی خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دکھایا گیا کہ انہوں نے ہوٹل کے کمرے کے بستر کی حفاظت کیلئے کس طرح ایک عارضہ خیمہ بنایا۔

خاتون کا کہنا تھا کہ میں نے خفیہ کیمروں کے ذریعے مہمانوں کی ویڈیوز بنانے کی بہت سی رپورٹس پڑھی ہیں، ایسا لگتا تھا کہ خود کو ان کیمروں سے بچانا ناممکن ہے لیکن میں نے اس سے بچنے کا حل نکال لیا۔

چینی خاتون نے کہا کہ سفر کے دوران وہ اپنی پرائیویسی برقرار رکھنا چاہتی تھیں اس لئے ہوٹلوں میں رہتے ہوئے بستر پر رکھنے کیلئے خیمہ خریدنے پر غور کیا لیکن جب اس نے سوچا کہ خیمے مہنگے ہو سکتے ہیں اور اس سے نیند بھی متاثر ہوسکتی ہے تو اس نے اس خیال کو چھوڑ کر پاس موجود چیزوں کا انتخاب کیا۔

خیمہ بنانے کیلئے خاتون نے ایک بڑی چادر لی جو عام طور پر فرنیچر کو ڈھانپنے کیلئے ہوتی ہے اور رسی کا ایک لمبا ٹکڑا اسے باندھنے کیلئے استعمال کیا۔

خاتون نے کہا کہ پرائیوسی کیلئے اس سے اچھا اور سستا طریقہ نہیں ہوسکتا۔