ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں تلنگانہ کے ضلع کومرم بھیم آصف آباد میں بھارتی جوان نے ایک ہی وقت میں دو لڑکیوں سے پسند کی شادی کرکے سب کو حیران کر دیا۔
گمنور گاؤں کے رہائشی سوریا دیو نامی اس نوجوان نے ایک ہی وقت اور ایک ہی منڈپ میں دو لڑکیوں سے شادی رچائی۔
نوجوان کا کہنا ہے کہ وہ لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرتا تھا اور اسی لیے اس نے ایک ہی تقریب میں دونوں سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔
سوریا دیو نے اپنی شادی کے دعوت نامے پر بھی دونوں دلہنوں کے نام چھپوائے اور ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا۔
شادی کی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں دلہنیں دلہے کا ہاتھ پکڑے منڈپ میں آگ کے گرد پھیرے لینے کی رسم ادا کر رہی ہیں۔
شادی کی تقریب میں ان کے گھر والے، رشتے دار اور گاؤں والے بھی موجود ہیں، پس منظر میں ڈھول کی تھاپ بھی سنائی دے رہی ہے۔
سوریا دیو جب لال دیوی اور جھلکاری دیوی دونوں سے محبت کرنے لگا تو تینوں نے ایک ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا۔
گاؤں کے بزرگ پہلے تو ہچکچا رہے تھے لیکن آخر کار راضی ہوگئے اور انہوں نے ان کی شادی میں مدد کی۔