92 سالہ اطالوی شہری نے 30 مرتبہ روم میراتھون میں شرکت کرکے نیا ریکارڈ بنا لیا

Published On 31 March,2025 04:55 pm

روم :(ویب ڈیسک) اطالوی شہری انتونیو راؤ نے مسلسل 30 مرتبہ روم میراتھون میں شریک ہوئے اور 7 گھنٹوں سے کم وقت میں ریس مکمل کی۔

دوڑنا 80 سال سے انتونیو راؤ کی زندگی کا حصہ رہا ہے اور اب 92 سال کی عمر میں بھی انہوں نے میراتھون میں حصہ لے کر سب کو حیران کردیا۔

اگر آپ کو صوفے سے اٹھ کر دوڑنے کے لیے کچھ اضافی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے، تو جان لیں کہ انتونیو راؤ نے حال ہی میں 42 کلومیٹر طویل روم میراتھون مسلسل 30ویں بار مکمل کی ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 منٹ بہتر وقت میں ریس مکمل کی۔

راؤ کوئی عام بزرگ نہیں ہیں، وہ دوڑنے کے دیوانے ہیں اور اب بھی ہر ہفتے 20 سے 30 کلومیٹر کی پریکٹس کرتے ہیں،1933 میں پیدا ہونے والے راؤ نے صرف 10 سال کی عمر میں اپنے آبائی علاقے کلیبریا سے روم کی طرف دوڑ لگائی اور تب سے رکے نہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ انہوں نے ایک دوست کے ساتھ قدم سے قدم ملانے کے لیے نو عمری میں روزانہ دوڑنا شروع کیا، لیکن یہ ان کی زندگی کا ایک اہم حصہ بن گیا اور پچھلی تین دہائیوں میں انہوں نے ایک بھی روم میراتھون نہیں چھوڑی ہے۔